کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان کے پہلے ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ (HS-1) کی کامیاب لانچ پر قوم اور سپارکو کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی پاکستان کی علمی و تکنیکی ترقی کا مظہر ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں سپارکو ٹیم اور پاکستانی سائنسدانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان انجینئرز اور سائنسدانوں نے ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی میں خودکفالت ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ ماحولیاتی تحفظ، شہری منصوبہ بندی اور زرعی ترقی میں مددگار ثابت ہوگا، جب کہ پاکستان کا خلائی پروگرام خطے میں نئی شناخت حاصل کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں سائنسی تحقیق کے فروغ کے لیے متحد ہیں، اور سندھ حکومت جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایچ ایس ون سیٹلائٹ کی لانچ پاکستان کی سائنسی ترقی کے سفر کا نیا سنگِ میل ہے، اور یہ کامیابی نوجوانوں کے لیے امید اور حوصلے کا پیغام ہے۔