اسلام آباد: وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے آئی سی سی کے متعصبانہ اور قبل از وقت بیان کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
عطاء تارڑ کے مطابق، آئی سی سی نے افغان کھلاڑیوں کی ہلاکت کے دعوے کی کوئی آزادانہ تصدیق کیے بغیر بیان جاری کیا، جو انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔ پاکستان نے آئی سی سی سے فوری طور پر بیان کی درستی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پاکستان کا مؤقف ہے کہ آئی سی سی نے ایک متنازع الزام کو ثابت شدہ حقیقت کے طور پر پیش کیا، جو غیر جانبداری کے اصولوں کے منافی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے آئی سی سی چیئرمین جے شاہ کے مؤقف کے اعادے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، جبکہ پاکستان کے مطابق آئی سی سی، جے شاہ اور افغان بورڈ کے بیانات ایک منظم مہم کا حصہ محسوس ہوتے ہیں۔
پاکستان نے کہا کہ موجودہ قیادت میں آئی سی سی کی غیر جانبداری پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات کے مطابق، کھیل کو سیاست سے آلودہ نہیں کیا جانا چاہیے اور آئی سی سی کو اپنی غیر جانبداری اور شفافیت فوری طور پر بحال کرنی چاہیے۔
پاکستان نے خبردار کیا کہ آئی سی سی کو کسی ملک کے دباؤ میں آنے سے گریز کرنا چاہیے اور عالمی ریگولیٹر کو جانبداری کا تاثر ہر صورت ختم کرنا ہوگا۔