لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سخت ایکشن، سوشل میڈیا پر “گرفتار” کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا — “ہراسمنٹ کے لیے زیرو ٹالرنس”
سرگودھا میں بس میں خواتین کو ہراساں کرنے والے ہائی وے پیٹرولنگ پولیس کے اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ نارووال چوک مریدکے کے قریب پیش آیا، جہاں ڈیوٹی پر موجود اہلکار نے بس میں سوار خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ترجمان پولیس کے مطابق، واقعے کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد ملزم اہلکار کو شناخت کر کے حراست میں لے لیا گیا ہے، اور اس کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر گرفتار اہلکار کی لاک اپ میں موجود تصویر شیئر کی اور اپنے پیغام میں لکھا:
“گرفتار! ہراسمنٹ کے لیے زیرو ٹالرنس۔”
دوسری جانب بہاولپور کے علاقے یزمان میں بھی ایک اور واقعہ پیش آیا جہاں خواتین کو چھیڑنے والا شخص پولیس کو دیکھ کر بھاگ نکلا۔
پولیس کے مطابق، ملزم تیز رفتاری کے باعث درخت سے ٹکرا کر زخمی ہوگیا۔ زخمی حالت میں ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق، خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور کسی بھی اہلکار یا شہری کے لیے معافی کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔