پیپلزپارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا حکومت سے اتحاد پر غور، حکومت کو ایک ماہ کی مہلت دینے کا فیصلہ

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی مرکزی مجلسِ عاملہ (سی ای سی) کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ اجلاس میں حکومتی اتحاد کے مستقبل پر تفصیلی غور کیا گیا، جہاں بعض اراکین نے حکومت سے اتحاد ختم کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔

ذرائع کے مطابق، اجلاس میں پارٹی قیادت کی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا کہ آصف علی زرداری کی درخواست پر حکومت کو ایک ماہ کی مہلت دی جائے تاکہ پارٹی کے مطالبات پر عملدرآمد کیا جا سکے۔

وفاق اور پنجاب حکومت کے رویّے پر اراکین برہم

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور ن لیگ کے رویّے پر اراکین نے سخت تحفظات کا اظہار کیا۔
خیبرپختونخوا اور پنجاب کے اراکین نے جذباتی انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر پارٹی قیادت حکم دے تو “وفاق اور پنجاب میں ن لیگ کو تگنی کا ناچ نچا دیں۔”

اراکین نے کہا کہ ن لیگ بار بار کی سیاسی ٹھوکروں سے کچھ نہیں سیکھ سکی، اور یہ کہ پیپلزپارٹی قیادت چاہے تو لمحوں میں حکومت گرا سکتی ہے۔

“پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو کی عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں”

سی ای سی نے اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارٹی یا قیادت کی عزتِ نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
شرکاء نے کہا کہ

“اتحاد پیپلزپارٹی کی نہیں بلکہ ن لیگ کی ضرورت ہے۔ بلاول بھٹو اور پارٹی کی عزت سب سے بڑھ کر ہے۔”

آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے اجلاس میں اراکین کو حکومت سے جاری مذاکرات پر بریفنگ بھی دی۔

خیبرپختونخوا اور پنجاب کے اراکین کا سخت مؤقف

ذرائع کے مطابق، اجلاس میں خیبرپختونخوا اور پنجاب کے اراکین نے مطالبہ کیا کہ پیپلزپارٹی یا تو باقاعدہ حکومت میں شامل ہو یا پھر اتحاد ختم کرنے کا اعلان کرے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں حکومت سے اتحاد پارٹی کے لیے سیاسی خودکشی کے مترادف ہے۔

آصف زرداری کا موقف اور فیصلہ

آصف زرداری نے اجلاس میں بتایا کہ وزیراعظم نے پارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور پاور شیئرنگ فارمولے پر عملدرآمد کی بھی ضمانت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تحریری معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے، لہٰذا حکومت کو مطالبات پورے کرنے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دی جائے۔

ذرائع کے مطابق، آصف زرداری کی درخواست پر سی ای سی نے ایک ماہ کی مہلت دینے کی منظوری دے دی۔

Related posts

کراچی کے عوام کے لیے خوشخبری — گرین لائن منصوبے کا کام جلد دوبارہ شروع ہوگا، ترجمان وفاقی حکومت راجہ خلیق انصاری

پاکستان اور افغانستان دہشتگردی کے خاتمے پر متفق — مذاکرات کے بعد اہم پیشرفت، وزیر دفاع خواجہ آصف

محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب میں نیشنل ریسکیو چیلنج 2025 کی شاندار تقریب