لاہور: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ کے علاوہ بھارت کے شہروں نئی دہلی، چندی گڑھ، گرداسپور، لدھیانہ اور پٹیالہ سے 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں لاہور کا رخ کر رہی ہیں، جس سے صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقے فضائی آلودگی اور سموگ کے خطرات سے دوچار ہیں۔
مریم اورنگزیب کے مطابق جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، بہاولپور اور بہاولنگر بھی بھارت کے شہروں سورتگڑھ، بیکانیر، جودھپور اور جئے پور سے آنے والی آلودہ ہواؤں سے متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دوپہر 1 سے 5 بجے کے دوران ہوا کے معیار میں معمولی بہتری متوقع ہے، تاہم آسمان صاف رہنے کے باوجود ہلکی دھند برقرار رہے گی۔
سینئر وزیر نے کہا کہ لاہور سمیت سموگ کے خطرات کا شکار شہروں میں فجر کے وقت سے ہی پانی کے چھڑکاؤ اور اینٹی سموگ گنز کا استعمال جاری ہے۔ واسا، ایل ڈی اے، ضلعی اور میونسپل ادارے اپنے اپنے علاقوں میں کوڑا کرکٹ اور فصلوں کی باقیات نہ جلانے کے اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سموگ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے موٹر بائیک سواروں کو ماسک کے لازمی استعمال کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ گاڑیوں کے شیشے اوپر رکھیں، گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں تاکہ آلودہ ہوا کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعمیراتی مقامات پر حفاظتی اقدامات اور سامان لانے والی گاڑیوں کو ڈھانپنے کی ہدایت پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ:
“سموگ سے بچاؤ اور اس میں کمی کے لیے ہر شہری کا کردار ہی بڑی تبدیلی اور کامیابی کی وجہ بن سکتا ہے۔ احتیاطی تدابیر اور ماحولیاتی ایس او پیز پر عمل کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔”