گورنر پنجاب نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء پر دستخط کر دیے

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء پر دستخط کر دیے۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب سے ملاقات کی اور انہیں بلدیاتی نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں گورنر پنجاب کو بتایا گیا کہ نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء کے تحت بلدیاتی اداروں کا دورانیہ پانچ سال ہوگا۔ ہر یونین کونسل میں 13 ارکان شامل ہوں گے جو تقریباً 25 ہزار آبادی کی نمائندگی کریں گے۔

ان 13 ارکان میں سے 9 براہِ راست منتخب کونسلر ہوں گے، جب کہ 4 مخصوص نشستیں مختص کی گئی ہیں جن میں خواتین، نوجوان، مزدور اور اقلیتوں کے لیے ایک ایک نشست شامل ہوگی۔

مزید بتایا گیا کہ چئیرمین اور نائب چئیرمین کا انتخاب یونین کونسل کے اندرونی انتخابات کے ذریعے کیا جائے گا۔ منتخب ارکان کو ایک ماہ کے اندر کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنا لازمی ہوگا، جب کہ یونین کونسل میں وارڈ نظام ختم کر دیا جائے گا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اختیارات عوام تک منتقل کرنا پاکستان پیپلز پارٹی کا بنیادی شیوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہیں اور اس قانون کے نفاذ سے اختیارات اور فنڈز یونین کونسل کی سطح تک منتقل ہوں گے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے جو اپنے ورکروں کو اقتدار کے ایوانوں میں لے کر جاتی ہے۔ انہیں امید ہے کہ بلدیاتی انتخابات جلد منعقد ہوں گے۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سیلاب متاثرین کی بحالی پروگرام کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سیلاب بحالی پروگرام 2025 کا افتتاح

پنجاب میں بچوں کے تحفظ سے متعلق اہم پیش رفت، ترمیمی بل 2025 قائمہ کمیٹی سے منظور