دیپالپور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیلاب بحالی پروگرام 2025 کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف دیپالپور پہنچیں جہاں انہوں نے سیلاب متاثرین میں گھل مل کر ان سے ملاقات کی اور امدادی رقم کی تقسیم کے عمل کا خود جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے دیپالپور میں سیلاب متاثرہ خاندانوں میں 50،000 روپے کیش اور اے ٹی ایم کارڈز تقسیم کیے۔ پہلے ہی دن 500 متاثرہ افراد کو مجموعی طور پر 9 کروڑ 60 لاکھ روپے کی رقم جاری کر دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا عوامی انداز
مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرین کو فرنٹ پر بٹھانے کی ہدایت دی اور خود بھی ان کے درمیان بیٹھ گئیں۔ انہوں نے متاثرین کے ساتھ بات چیت کی، ان کے نقصانات اور سروے کے عمل کے بارے میں دریافت کیا۔
ایک موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بزرگ خواتین نور بیگم اور زینب بی بی کا ہاتھ پکڑ کر انہیں خود کاؤنٹر تک لے جا کر امدادی رقم اور اے ٹی ایم کارڈ فراہم کیے۔
سیلاب متاثرہ خواتین نے امدادی رقم ملنے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، “شکریہ مریم نواز!”
سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی انتظامات
پنجاب بنک کے فلڈ ڈسپرسمنٹ کیمپ میں متاثرین کی میزبانی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے متاثرین کے لیے لنچ، کولڈ ڈرنک، سنیکس اور جوسز کی فراہمی کو سراہا۔
بحالی پروگرام کی تفصیلات
اوکاڑہ میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبے بھر میں سیلاب متاثرہ 27 اضلاع کی 72 تحصیلوں کے 4754 مواضعات میں سے 3474 مواضعات کا سروے مکمل ہو چکا ہے۔
اب تک 446,697 سروے انٹریز مکمل ہو چکی ہیں جن کے مطابق 12 لاکھ 17 ہزار ایکڑ سے زائد اراضی اور 1 لاکھ 31 ہزار سے زائد مکانات متاثر ہوئے ہیں۔
صوبہ بھر میں 5805 بڑے مویشی اور 2097 بھیڑ بکریاں ہلاک ہوئیں۔ نادرا، پی ایل آر اے اور لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ نے 103,716 انٹریز کی تصدیق مکمل کر لی ہے۔
اب تک 71,033 متاثرین کے بینک آف پنجاب میں اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں، جن کے ذریعے وہ امدادی رقوم حاصل کر سکیں گے۔
اوکاڑہ اور دیپالپور کی صورتحال
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اوکاڑہ میں سیلاب سے 147 مواضعات اور 17,313 افراد متاثر ہوئے۔
• 691 پختہ گھر مکمل طور پر تباہ، جب کہ 365 جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
• 919 کچے مکان مکمل طور پر تباہ، جب کہ 655 جزوی نقصان کا شکار ہوئے۔
• ضلع بھر میں 80,592 ایکڑ اراضی متاثر ہوئی اور دو مویشی ہلاک ہوئے۔
تحصیل اوکاڑہ کے 45 مواضعات، دیپالپور کے 94 اور رینالہ خورد کے 8 مواضعات میں سروے مکمل ہو چکا ہے۔
بینک کارڈ سے رقوم کی نکاسی
پنجاب بنک کارڈ کے ذریعے متاثرین ایک دن میں ایک لاکھ روپے نکال سکتے ہیں، جبکہ دیگر بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں سے بھی یومیہ ایک لاکھ روپے نکالنے کی سہولت دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ متاثرین کو جلد از جلد گھروں کی تعمیر میں مدد فراہم کی جائے تاکہ وہ معمول کی زندگی کی طرف واپس لوٹ سکیں۔