لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے حکومت پنجاب نے کسی سے مدد نہیں مانگی بلکہ اپنے وسائل سے بحالی کا عمل شروع کیا ہے۔
اوکاڑہ میں سیلاب متاثرین میں فلڈ کارڈز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ آج سے سیلاب متاثرین کی باقاعدہ بحالی کا آغاز ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرین کا 70 فیصد سروے مکمل کر لیا گیا ہے اور حکومت مکمل شفافیت کے ساتھ باقی عمل کو بھی جلد مکمل کرے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ 15 اضلاع میں آج سے امدادی چیکس کی تقسیم شروع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے 100 ارب روپے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے مختص کیے ہیں۔
“متاثرین کے علاوہ کسی کو ایک پیسہ نہیں ملے گا، میں نے کرپشن کے تمام راستے بند کر دیے ہیں،” وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے حکومت نے نہ کوئی رونا دھونا مچایا اور نہ ہی کسی سے مالی امداد مانگی۔
“میں نے پنجاب کے عوام کی عزتِ نفس کا خیال رکھا ہے۔ میرے ہوتے ہوئے کوئی آپ کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،” وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح متاثرین کی بحالی اور شفاف امدادی تقسیم ہے، اور جب تک تمام متاثرین کو ان کا حق نہیں مل جاتا، وہ چین سے نہیں بیٹھیں گی۔