کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی طرح بلوچستان بھی دہشت گردی سے شدید متاثر ہے، اور صوبے کو اس خطرے سے نمٹنے کے لیے اضافی تحفظی اقدامات اور جدید سازوسامان کی اشد ضرورت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے وفاقی وزیر داخلہ سے درخواست کی ہے کہ اگر خیبر پختونخوا حکومت بلٹ پروف گاڑیاں لینے سے انکار کر رہی ہے تو یہ گاڑیاں بلوچستان کو فراہم کی جائیں تاکہ صوبے میں سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھ سکیں۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے اضافی حفاظتی سازوسامان درکار ہے، تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے، اور صوبے میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان حکومت دہشت گردی کے خاتمے، امن و امان کے قیام، اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھاتی رہے گی۔