کراچی: پاکستان نیوی نے بحیرہ عرب میں ایک بڑی کارروائی کے دوران اربوں روپے مالیت کی منشیات پکڑ کر نہ صرف بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کو زبردست دھچکا پہنچایا بلکہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھی عالمی سطح پر اعتراف حاصل کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے پاکستان نیوی کے کامیاب آپریشن پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
سینٹ کام کے مطابق، یہ کارروائی سعودی عرب کی قیادت میں قائم مشترکہ ٹاسک فورس 150 کے تحت پاکستان نیوی کے جہاز پی این ایس یرموک (PNS Yarmook) نے انجام دی۔
محض 48 گھنٹوں کے دوران، پاکستان نیوی نے دو مشتبہ کشتیوں سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کیں، جن میں شامل ہیں:
• 2 ٹن کرسٹل میتھ (Crystal Meth)
• 350 کلو گرام آئس (Ice)
• 50 کلو گرام کوکین (Cocaine)
ان منشیات کی مجموعی بین الاقوامی مالیت 97 کروڑ 24 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 270 ارب پاکستانی روپے) بتائی جا رہی ہے۔
سعودی رائل نیوی کے کمانڈر فہد الجوید نے پاکستان نیوی کے اس کامیاب آپریشن کو عالمی سطح پر بحری افواج کے مابین تعاون کی بہترین مثال قرار دیا۔
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق، یہ کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان نیوی علاقائی سمندری حدود میں امن، استحکام اور منشیات کی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کامیابی سے پاکستان نیوی نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی سمندری سیکیورٹی کے لیے قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔