پاکستانی تکنیکی وفد کابل پہنچ گیا، ویزا نظام میں بہتری پر مشاورت کرے گا

اسلام آباد: پاکستان کا ایک اعلیٰ سطح تکنیکی وفد افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گیا ہے، جو پاکستانی ویزا نظام میں بہتری کے حوالے سے افغان حکام کے ساتھ مشاورت کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق، وفد میں وزارتِ داخلہ، متعلقہ سرکاری محکموں اور تکنیکی ماہرین کے نمائندے شامل ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق، پاکستانی وفد کا مقصد افغان شہریوں کے لیے ویزہ اجراء کے نظام کو مؤثر، شفاف اور تیز بنانا ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان سفر اور رابطے میں آسانی پیدا کی جا سکے۔

ذرائع نے بتایا کہ وفد کابل میں پاکستانی سفارتخانے کے ویزا نظام میں اصلاحات اور تکنیکی بہتری کا جائزہ لے گا۔ اس دوران آن لائن ویزا اجراء اور بائیو میٹرک نظام کی بہتری سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی جائے گی۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد کا یہ دورہ حال ہی میں ہونے والی پاک افغان سرحدی کشیدگی یا جھڑپوں سے متعلق نہیں بلکہ یہ دورہ پہلے سے طے شدہ تکنیکی مشاورت کے سلسلے کا حصہ ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وفد کی کوشش ہوگی کہ ویزہ پالیسی کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا جائے، تاکہ پاکستان اور افغانستان کے مابین عوامی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔

Related posts

ایک سیاسی جماعت سیاسی دجال کا کام کر رہی ہے، عوام اور افواج میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے: بلاول بھٹو

پی ٹی آئی کا قومی کانفرنس کے لیے پیپلز پارٹی سے رابطہ کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کو مذاکرات کی اجازت نہیں تھی، بانی پی ٹی آئی محاذ آرائی کر رہے ہیں: رانا ثنا اللہ