اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کم تنخواہ دار طبقے کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کی انکم ٹیکس کٹوتی میں کمی کر دی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کم آمدنی والے ملازمین کے لیے ٹیکس میں ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے، جب کہ دیگر تنخواہ دار طبقے کے لیے بھی ریلیف دینے کی کوششیں جاری ہیں۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ ورلڈ بینک نے پاکستان کی ٹیکس اصلاحات سے متعلق پریزنٹیشن کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہول سیل اور ریٹیل سیکٹر سے ٹیکس وصولیوں میں 100 فیصد اضافہ ہوا، جس کا کریڈٹ ڈیجیٹلائزیشن کو جاتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل نظام کے باعث ملک میں گرے اکانومی سکڑ رہی ہے اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام آ رہا ہے، ہم نے گزشتہ دو سالوں میں 4 ارب ڈالر کا بیک ڈراپ نکالا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات معیشت پر بھی پڑ رہے ہیں، سیلاب اور اسموگ کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تاہم اب پاکستان اپنے وسائل سے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تعمیرِ نو کے مراحل میں اگر ضرورت پیش آئی تو عالمی اداروں سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔