اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائمز انویسٹیگیشن ایجنسی (NCCIA) نے تحریک انصاف کی رہنما شاندانہ گلزار کے خلاف ریاستی اداروں پر الزامات اور سوشل میڈیا پر فیک نیوز پھیلانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ایف آئی آر میں شاندانہ گلزار پر ریاست مخالف سرگرمیوں اور جھوٹی، گمراہ کن پوسٹس کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ شاندانہ گلزار نے سوشل میڈیا پر جعلی خبریں اور تصاویر پھیلائیں، جن کا مقصد ریاستی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانا تھا۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کرکے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تحقیقات کے دوران سوشل میڈیا پر جھوٹی معلومات اور نفرت انگیز مہمات کے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق شاندانہ گلزار نے وزیراعظم پاکستان کی اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے مصافحے کی ایک جعلی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی، جس کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاندانہ گلزار کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور مزید ثبوت اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔