وزیراعظم شہباز شریف کا ملکی صنعت و زراعت کے لیے “روشن معیشت بجلی پیکیج” کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی صنعت و زراعت کی ترقی کے لیے تاریخی “روشن معیشت بجلی پیکیج” کا اعلان کر دیا۔ اس پیکیج کا مقصد صنعتی و زرعی پیداوار میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے یہ اعلان صنعتی و زرعی شعبے کے ماہرین اور کاروباری برادری کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پیکیج کے تحت صنعتوں اور کسانوں کو آئندہ تین سال (نومبر 2025 سے اکتوبر 2028) تک رعایتی نرخوں پر اضافی بجلی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ صنعتی شعبے کے لیے 34 روپے اور زرعی شعبے کے لیے 38 روپے فی یونٹ کی موجودہ قیمتوں میں نمایاں کمی کی جا رہی ہے، جس کے تحت اضافی یونٹس 22 روپے 98 پیسے فی یونٹ کے رعایتی نرخ پر فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ روشن معیشت بجلی پیکیج کا مالی بوجھ نہ تو گھریلو صارفین اور نہ ہی کسی دیگر شعبے پر ڈالا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ “ملکی معیشت کی ترقی اور روزگار میں اضافے کے لیے صنعت و زراعت کی بحالی ناگزیر ہے۔ ہم صنعتوں کی خطے میں مسابقت بڑھانے اور کاروبار میں آسانی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برس موسمِ سرما میں دیے گئے پیکیج کے نتیجے میں صنعتی و زرعی شعبے نے 410 گیگاواٹ اضافی بجلی استعمال کی، جس سے صنعتی پہیہ چلا، برآمدات میں اضافہ ہوا اور روزگار کے مواقع بڑھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ “معاشی بحران سے استحکام کا سفر کٹھن ضرور تھا مگر محنت اور تعاون سے ممکن ہوا۔ اب ہمارا ہدف معاشی خودمختاری ہے، جو آپ کے تعاون اور ٹیم ورک سے حاصل ہوگی۔”

انہوں نے وزیرِ توانائی سردار اویس لغاری اور ان کی ٹیم کی اس پیکیج کی تیاری میں کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور بہتر پالیسیوں کی بدولت معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں، تاہم مزید محنت اور مستقل مزاجی کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے

Related posts

خیبرپختونخوا حکومت نے اپنے وسائل سے 112 گاڑیوں کی بلٹ پروفنگ مکمل کرلی — منصوبے پر ایک ارب 80 کروڑ روپے لاگت

لاہور سے مذہبی جماعت کے 954 پرتشدد مظاہرین گرفتار، رضوی برادران کی گرفتاری جلد متوقع

اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران خان سے ملاقات کی فہرست پر عملدرآمد کا حکم