پاکستان نے افغان سرحدی راہداریاں بند رکھنے کا اعلان کردیا: دفترِ خارجہ

اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے کی سلامتی صورتحال کے باعث افغان سرحدی راہداریاں فی الحال بند رہیں گی۔ دفترِ خارجہ کے مطابق اشیا کی آمدورفت اور تجارت سے زیادہ اہم ایک عام پاکستانی کی جان بچانا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ دوحہ مذاکرات کے دوران ایک تحریری دستاویز پر اتفاق رائے اور دستخط ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق افغان طالبان حکومت اس کو “معاہدہ” مانتی ہے یا نہیں، اس سے پاکستان کے مؤقف پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔

دریائے کنڑ کے معاملے پر مؤقف

ترجمان نے کہا کہ پاکستان دریائے کنڑ سے متعلق عالمی قوانین کی مکمل پاسداری کرے گا اور خطے میں آبی تعاون کے فروغ پر یقین رکھتا ہے۔

پاک افغان سرحدی کشیدگی

ترجمان دفترِ خارجہ نے واضح کیا کہ گزشتہ ہفتے کی سیکیورٹی صورتحال کے باعث افغان سرحدی راہداریاں بند رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ “تجارت اور آمدورفت سے زیادہ اہم ایک عام پاکستانی کی جان ہے، اور حکومت کی اولین ترجیح شہریوں کا تحفظ ہے۔”

ذرائع کے مطابق پاک افغان کشیدگی کے باعث چمن، خیبر، جنوبی و شمالی وزیرستان اور ضلع کرم کے راستے تیرہویں روز بھی بند ہیں۔
بابِ دوستی، طورخم، خرلاچی، انگور اڈہ اور غلام خان کے مقامات پر سیکڑوں مال بردار گاڑیاں دونوں اطراف پھنس چکی ہیں۔

بھارت–افغانستان تعلقات پر ردعمل

بھارت کے افغانستان میں ممکنہ سفارتخانے کے قیام سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ

“بھارت کا افغانستان میں سفارتخانہ کھولنا دونوں ممالک کا اندرونی معاملہ ہے، پاکستان کسی دوسرے ملک کے اندرونی معاملات پر تبصرہ نہیں کرتا۔”

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کا افغانستان میں کردار ماضی میں زیادہ مثبت نہیں رہا۔

اسرائیل پر عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں

اسرائیل کی جارحیت سے متعلق سوال پر ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ

“اسرائیل مسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ہم ان اقدامات کو عالمی فورمز پر اجاگر کرتے رہیں گے۔”

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینی ریاست کے قیام کے مؤقف پر قائم ہے اور یہی وہ روڈ میپ ہے جو مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کی ضمانت دے سکتا ہے۔

Related posts

’’ٹی ایل پی مذہبی جماعت نہیں‘‘ — ملک محمد احمد خان کا سخت مؤقف، پرتشدد رویے کی اجازت نہ دینے کا مطالبہ

وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے وزیرِ تجارت و صنعت کی ملاقات، دو طرفہ سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

ہنگو میں پولیس کی گاڑی پر دھماکہ، ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت 3 اہلکار شہید