لاہور:انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب کے 27 اضلاع میں سیف سٹی پروگرام باضابطہ طور پر شروع کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
لاہور میں ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ
“پنجاب میں جرائم کی شرح میں 70 فیصد تک کمی آئی ہے، سی سی ڈی ٹیم کو اس شاندار کارکردگی پر شاباش دیتا ہوں۔”
غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے لیے وارننگ
ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن کے اندر غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے افراد اپنے ہتھیار خود جمع کروائیں، ورنہ سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ
“ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد کسی کو بھی معافی نہیں دی جائے گی۔ جن کی دشمنیاں ہیں وہ صلح کرلیں یا دبئی چلے جائیں۔”
اسلحہ لائسنس اور نمائش پر واضح پالیسی
ایڈیشنل آئی جی نے مزید کہا کہ جن افراد کا کوئی کرائم ریکارڈ نہیں ہے، وہ لائسنس یافتہ اسلحہ رکھ سکتے ہیں۔ تاہم، کسی کو بھی اسلحے کی نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی مانیٹرنگ سسٹم، اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔