لاہور: وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت امن و امان سے متعلق لگاتار چوتھے غیر معمولی اجلاس میں پنجاب کو اسلحہ سے پاک کرنے اور جرائم کے انسداد کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں ڈرون پولیسنگ، مربوط سکیورٹی اینڈ آرمز ریگولیشن سسٹم اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف سخت قانون متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
پنجاب سَرینڈر آف الیگل آرمز ایکٹ 2025‘ کا اعلان
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں “پنجاب سَرینڈر آف الیگل آرمز ایکٹ 2025” نافذ کیا جائے گا، جو تین مراحل میں عمل درآمد کے تحت لاگو ہوگا۔
یہ ایکٹ غیر قانونی اسلحے کی واپسی، تلفی اور سخت قانونی نفاذ پر توجہ دے گا۔
پنجاب میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کو 15 دن کے اندر ہتھیار واپس کرنے کی مہلت دی جائے گی، جس کے بعد سخت کارروائی کی جائے گی۔
لائسنس یافتہ اسلحے کی ازسرِ نو جانچ پڑتال
حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں موجود 10 لاکھ سے زائد لائسنس یافتہ اسلحے کی ازسرِ نو جانچ پڑتال اور سکروٹنی کا فیصلہ کیا ہے۔
اس عمل کے تحت:
• اسلحہ رکھنے والے اور لائسنس جاری کرنے والے دونوں کی تصدیق کی جائے گی۔
• یہ بھی جانچا جائے گا کہ اب تک کتنے اسلحے جاری کیے گئے ہیں۔
• وفاقی لائسنس ہولڈرز کی بھی جانچ پڑتال کے لیے پنجاب حکومت وفاقی حکومت سے رابطہ کرے گی۔
ڈرون پولیسنگ کا آغاز
پنجاب پولیس میں ڈرون پولیسنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لاہور میں اس کا پائلٹ پراجیکٹ لانچ کیا جائے گا، جس کے تحت کسی بھی جرم یا ہنگامی صورتحال کی اطلاع ملتے ہی پولیس ڈرون فوری طور پر کرائم سین پر پہنچ کر مجرموں کو ٹریک کرے گا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ یہ سسٹم جلد از جلد پورے صوبے میں وسعت دی جائے تاکہ انسٹنٹ اور ڈیجیٹل پولیسنگ ممکن ہو۔
نجی سیکیورٹی کمپنیوں اور اسلحہ قوانین میں اصلاحات
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ:
• پنجاب میں صرف پولیس اہلکار اور رجسٹرڈ سیکیورٹی گارڈز ہی اسلحہ رکھ سکیں گے۔
• تمام نجی سیکیورٹی کمپنیوں کو رجسٹر کیا جائے گا اور ان کے لیے باقاعدہ ضوابط بنائے جائیں گے۔
• نجی سیکیورٹی گارڈز کو پنجاب پولیس ہیلپ لائن 15 سے منسلک کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رابطہ ممکن ہو۔
سرحدی سیکیورٹی اور اسمگلنگ کی روک تھام
پنجاب کے 14 اہم داخلی و خارجی راستوں پر جدید اسلحہ اسکینرز نصب کیے جائیں گے۔
حکومت نے واضح کیا کہ اسلحہ اسمگلنگ کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، اور اس جرم کی سزا 14 سال قید مقرر کی گئی ہے۔
اسلحہ لائسنس فیس میں اضافہ
اسلحہ کلچر کی حوصلہ شکنی کے لیے پنجاب حکومت نے سالانہ لائسنس فیس میں 100 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیرِاعلیٰ مریم نواز کا مؤقف
وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ:
“پنجاب کو اسلحہ سے پاک اور پرامن صوبہ بنانا میرا عزم ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، سخت قوانین اور عوامی تعاون سے ہم یہ ہدف ضرور حاصل کریں گے۔”