ہنگو میں پولیس کی گاڑی پر دھماکہ، ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت 3 اہلکار شہید

ہنگو:خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت تین پولیس اہلکار شہید ہو گئے جبکہ دو اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ ہنگو کے علاقے درابن میں پیش آیا، جہاں دہشت گردوں نے پولیس کی گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا۔

دھماکے سے قبل چیک پوسٹ پر حملہ

پولیس کے مطابق اس سے قبل دہشت گردوں نے غلمینا کے علاقے میں ایک پولیس چیک پوسٹ کو بارودی مواد سے اڑا دیا، تاہم اس واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

چیک پوسٹ دھماکے کی اطلاع ملنے پر ایس پی آپریشنز اسد زبیر اپنی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئے،
تاہم درابن کے مقام پر ان کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہو گیا۔

ڈی ایس پی خانزیب مہمند کی تصدیق

ڈی ایس پی خانزیب مہمند کے مطابق دھماکے میں ایس پی اسد زبیر اور دو پولیس اہلکار موقع پر شہید ہو گئے،
جبکہ دو دیگر اہلکار شدید زخمی ہوئے۔

پولیس حکام کے مطابق شہداء اور زخمی اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا ہے،
اور علاقے میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ کی مذمت

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ہنگو دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے
ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت تین پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی نے شہداء کے اہلِ خانہ سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ

“شہید ایس پی اسد زبیر اور ان کے ساتھیوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
قوم ان کے عزم، بہادری اور فرض شناسی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔”

انہوں نے متعلقہ حکام کو واقعے کی مکمل تحقیقات اور دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت بھی دی۔

Related posts

مشرقی پنجاب سے آنے والی آلودہ ہوائیں لاہور اور وسطی پنجاب کو لپیٹ میں لے گئیں

پنجاب میں ایس ایچ اوز کی تعیناتیوں میں ایس آئی پی ایس قواعد کی خلاف ورزی — آڈٹ رپورٹ نے پول کھول دیا

بلوچستان میں (ن) لیگ کی حکومت سے متعلق کوئی معاہدہ نہیں ہوا، شازیہ مری