پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی — صدر آصف زرداری نے تحریکِ عدم اعتماد کی منظوری دے دی

اسلام آباد: صدرِ پاکستان اور شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر میں وزیراعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے اور نئی حکومت کی تشکیل کی باضابطہ منظوری دے دی۔

ایوانِ صدر اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے پہلے سیشن کی صدارت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی، جب کہ دوسرا سیشن صدر زرداری کی زیرِ صدارت ہوا۔

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما چوہدری محمد یاسین کے مطابق، پارلیمانی پارٹی کے تمام ارکان اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر انوارالحق کو عہدے سے ہٹانے اور ان ہاؤس تبدیلی کے ذریعے نئی حکومت بنانے سے متعلق حکمتِ عملی طے کی گئی۔

چوہدری یاسین نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا:

“پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں اپنی حکومت بنانے جا رہی ہے، اس حوالے سے حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے عہدے کے لیے پارٹی قیادت حتمی نام کا اعلان کرے گی۔”

انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نئے وزیراعظم کے نام کا اعلان خود کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزارتِ عظمیٰ کے لیے چوہدری یاسین، لطیف اکبر اور سردار یعقوب کے نام زیرِ غور ہیں۔ پارٹی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اگر موجودہ وزیراعظم آزاد کشمیر مستعفی نہ ہوئے تو تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے مطلوبہ ارکان کی حمایت پہلے ہی حاصل کر لی گئی ہے۔

مزید ذرائع کے مطابق، بلاول بھٹو زرداری پیر کے روز آزاد کشمیر میں نئی حکومت سازی کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔

Related posts

گیس کنکشنز کی فراہمی ایک بڑا عوامی مطالبہ تھا، وزیر اعظم

13 لاکھ بچوں سے جبری مشقت افسوسناک ہے، وزیراعلیٰ سندھ

27اکتوبر یومِ سیاہ — کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی، بھارت کا قبضہ زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکتا: امیر مقام