اسلام آباد: ایس پی عدیل اکبر کی مبینہ خودکشی سے قبل کی گفتگو سامنے آگئی

اسلام آباد: اسلام آباد پولیس میں تعینات ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر کی مبینہ خودکشی سے متعلق نئے انکشافات سامنے آئے ہیں، واقعے کے وقت گاڑی میں موجود آپریٹر کا ابتدائی بیان بھی ریکارڈ کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر کی موت کے وقت گاڑی میں ان کے آپریٹر اور ڈرائیور موجود تھے، دونوں کو حراست میں لے کر واقعے کے دوران ہونے والی گفتگو سے متعلق تفتیش جاری ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات اس بات پر مرکوز ہیں کہ ایس پی عدیل اکبر نے ہتھیار کیوں مانگا اور انہیں کیوں دیا گیا۔ ساتھ ہی ان کے موبائل فون پر آنے والی کالز کا ریکارڈ بھی حاصل کیا جارہا ہے۔

ابتدائی بیان میں آپریٹر نے بتایا کہ ایس پی عدیل اکبر اپنی پروموشن سے متعلق امور پر بات چیت کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن جا رہے تھے۔
بیان کے مطابق عدیل اکبر کو دوپہر 4 بج کر 23 منٹ پر ایک کال موصول ہوئی، جس کے بعد انہوں نے ڈرائیور کو دفترِ خارجہ جانے کی ہدایت دی۔
کاغذات کی تصدیق کے بعد وہ واپس گاڑی میں آگئے۔

آپریٹر کے مطابق کچھ دیر بعد ایس پی عدیل اکبر کو ایک اور کال موصول ہوئی اور انہوں نے نجی ہوٹل کے قریب مجھ سے گن مانگی۔
میں نے میگزین نکال کر انہیں گن دے دی۔ عدیل اکبر نے سکیورٹی چیکنگ کے دوران کہا کہ “یہ گن چلتی بھی ہے کہ نہیں؟”
پھر انہوں نے مجھ سے پوچھا، “میگزین دو، اس میں کتنی گولیاں ہیں؟”

آپریٹر نے بتایا کہ میں نے میگزین دیتے ہوئے بتایا کہ اس میں 50 گولیاں ہیں۔
ایس پی عدیل اکبر گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھے تھے جبکہ میں اور ڈرائیور آگے تھے۔
چند لمحوں بعد اچانک فائر کی آواز آئی۔

بیان کے مطابق گولی ایس پی عدیل اکبر کے ماتھے پر لگی اور سر کے پچھلے حصے سے باہر نکل گئی، جس سے ان کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔

آپریٹر نے مزید بتایا کہ فائر کے بعد انہوں نے کنٹرول روم کو اطلاع دی کہ “ایس پی صاحب سے فائر ہو گیا ہے”، جس کے بعد ڈرائیور نے گاڑی فوری طور پر پمز اسپتال کی جانب دوڑا دی۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور ایس پی عدیل اکبر کے کال ڈیٹا، ہتھیار کی فرانزک رپورٹ اور گاڑی کی ویڈیو فوٹیجز بھی حاصل کی جارہی ہیں۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خصوصی اقدامات — سپیشل بچوں کے لیے تاریخی پروگرام کا آغاز

لاہور اور وسطی پنجاب میں سموگ کی شدت میں اضافہ — بھارتی پنجاب سے آلودہ ہواؤں کا سلسلہ داخل

قبائل اپنی مرضی سے پاکستان میں شامل ہوئے اور ہمیشہ پاکستانی رہیں گے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی