لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبے میں پہلی مرتبہ سپیشل ایجوکیشن کے طلبہ کے لیے جامع ہیلتھ اسکریننگ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں 35 ہزار 600 سے زائد خصوصی بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ مکمل کر لی گئی ہے۔
جامع طبی سہولیات اور علاج معالجہ
پنجاب کے تمام سپیشل ایجوکیشن مراکز میں زیرِ تعلیم 34 ہزار سے زائد طلبہ کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا، جن میں آنکھوں، دانتوں اور دیگر عمومی امراض کا علاج شامل ہے۔
پروگرام کے تحت:
• 20 ہزار طلبہ کا علاج موقع پر ہی مکمل کیا گیا۔
• 9 ہزار سے زائد طلبہ کا علاج تحصیل اور ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں کیا گیا۔
• جبکہ بڑے شہروں کے اسپتالوں میں 5 ہزار سے زائد بچوں کو اعلیٰ طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
خصوصی طلبہ کے داخلوں میں نمایاں اضافہ
پنجاب بھر میں خصوصی بچوں کے لیے ڈور ٹو ڈور داخلہ مہم کامیابی سے مکمل ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں 5 ہزار سے زائد نئے طلبہ سپیشل ایجوکیشن اداروں میں داخل ہوئے ہیں۔
جدید کورسز اور خود مختاری پروگرام
وزیراعلیٰ پنجاب کے “سی ایم خود مختار پروگرام” کے تحت سپیشل ایجوکیشن مراکز میں دو خصوصی کورسز کا آغاز کیا گیا ہے۔
ان کورسز میں:
• ڈیزائن اینڈ یوٹیوب
• کنٹینٹ کری ایشن، سوشل میڈیا اور ای کامرس
شامل ہیں۔
پروگرام کے تحت 18 ماسٹر ٹرینرز اور 1760 طلبہ کو تربیت دی جا رہی ہے، جبکہ پہلی 50 پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ کو لیپ ٹاپ انعام میں دیے جائیں گے۔
جدید کمپیوٹر لیبز کی منظوری
پنجاب کے سپیشل ایجوکیشن مراکز میں 10 نئی سٹیٹ آف دی آرٹ کمپیوٹر لیبز کی منظوری دے دی گئی ہے، جبکہ 8 موجودہ لیبز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ خصوصی طلبہ کو ڈیجیٹل مہارتوں میں آگے لایا جا سکے۔
تحفظ اور نگرانی کے جدید اقدامات
خصوصی طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سپیشل ایجوکیشن مراکز میں جدید سرویلنس سسٹم نصب کیا جا رہا ہے۔
• لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن کے 142 مراکز میں 989 کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں۔
• دوسرے مرحلے میں بہاولپور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا اور ساہیوال کے 158 اداروں میں 4381 کیمرے اگلے مئی تک لگائے جائیں گے۔
• نومبر تک صوبے بھر میں مجموعی طور پر 3450 کیمرے نصب کیے جائیں گے۔
یہ تمام کیمرے لاہور میں قائم سنٹرل سرویلنس روم سے منسلک ہوں گے، جہاں سے نہ صرف بچوں کی تحفظی نگرانی کی جائے گی بلکہ ریکارڈنگز کے ذریعے طلبہ کے رویوں اور علاج کے اثرات کا تجزیہ بھی ممکن بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا عزم
حکومتی ترجمان کے مطابق، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ
“خصوصی بچوں کی تعلیم، صحت اور تحفظ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ بچے معاشرتی اور معاشی طور پر خود مختار بن سکیں۔”