آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی کی تیاری، پیپلز پارٹی کا بیرسٹر سلطان محمود گروپ سے رابطہ

مظفرآباد: آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں ان ہاؤس تبدیلی کے لیے سیاسی جوڑ توڑ تیز ہوگیا ہے، پیپلز پارٹی نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری گروپ سے باضابطہ رابطہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری گروپ نے پیپلز پارٹی سے اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی کا عہدہ مانگ لیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اسپیکر اسمبلی کا عہدہ اس لیے اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ صدر کی غیر موجودگی میں اسپیکر قائم مقام صدر ہوتا ہے، اور بیرسٹر سلطان محمود اپنے قریبی ساتھی کو اس منصب پر دیکھنا چاہتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری علاج کی غرض سے جلد بیرونِ ملک روانہ ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں، اسی وجہ سے ان کے گروپ نے اسپیکر شپ کے عہدے پر اثر و رسوخ حاصل کرنے کی کوشش تیز کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق فریال تالپور آج مظفرآباد میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے گھر آمد متوقع ہے، جہاں وہ سلطان گروپ سے ملاقات کریں گی۔ اس کے علاوہ وہ آج مہاجر اراکین اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گی تاکہ ممکنہ ان ہاؤس تبدیلی کے لیے حمایت حاصل کی جا سکے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے واضح کیا ہے کہ ن لیگ حکومت سازی کے کسی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ “پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گی اور اسمبلی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے گی۔”

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں آئندہ چند دنوں میں سیاسی صورتحال میں بڑی تبدیلی متوقع ہے کیونکہ پیپلز پارٹی نے حکومت سازی کے لیے مختلف جماعتوں اور آزاد اراکین سے رابطے مزید تیز کر دیے ہیں

Related posts

گیس کنکشنز کی فراہمی ایک بڑا عوامی مطالبہ تھا، وزیر اعظم

13 لاکھ بچوں سے جبری مشقت افسوسناک ہے، وزیراعلیٰ سندھ

27اکتوبر یومِ سیاہ — کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی، بھارت کا قبضہ زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکتا: امیر مقام