لاہور: وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 25 سال بعد لاہور ریلوے اسٹیشن کے قلیوں کو ٹھیکیداری نظام سے نجات دلادی۔
پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز لاہور سے جاری اعلامیے کے مطابق اب اسٹیشن کے قلی اپنی محنت کی کمائی کا کوئی حصہ ٹھیکیدار کو نہیں دیں گے بلکہ وہ براہِ راست اسٹیشن مینیجر کی نگرانی میں کام کریں گے۔
ترجمان ریلوے کے مطابق لاہور ڈویژن نے اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے بعد قلیوں کا ٹھیکیداری نظام ختم کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ “قلی بھائی ریلوے کے چہرے ہیں، اب ان کی محنت کا پورا پھل انہیں ہی ملے گا۔”
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ قلیوں کے دیرینہ مطالبے پر کیا گیا ہے، جو گزشتہ کئی دہائیوں سے ٹھیکیداری نظام کے خلاف آواز اٹھا رہے تھے۔
وزیر ریلوے نے ہدایت کی ہے کہ مستقبل میں بھی قلیوں کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ریلوے انتظامیہ عملی اقدامات جاری رکھے۔