گیس کنکشنز کی فراہمی ایک بڑا عوامی مطالبہ تھا، وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ری-گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کے ذریعے گھریلو صارفین کو معیاری اور محفوظ ایندھن کی فراہمی ممکن ہوگی۔

انہوں نے یہ بات آر ایل این جی کے گھریلو کنکشنز کے اجراء کی تقریب سے خطاب میں کہی، جس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء، ارکان اسمبلی، ایس این جی پی ایل اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں لاکھوں صارفین گیس کنکشنز کے منتظر تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سنبھالنے کے وقت گیس سپلائی کم اور طلب زیادہ تھی، جس کی وجہ سے جہاں پائپ لائنز موجود تھیں وہاں بھی گیس فراہم کرنا ممکن نہیں تھا۔

انہوں نے مزید کہا، “آج گھریلو صارفین کے لیے معیاری ایندھن دستیاب ہے، یہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے عوامی خدمت کے اقدامات کا تسلسل ہے۔ 2013 میں وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد انہوں نے ملک میں بجلی کی 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کیا تھا۔ آج گیس کا مسئلہ بھی پی ڈی ایم حکومت نے حل کیا ہے، جس پر میں سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔”

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے دن رات محنت کرنا ہوگی اور ملک کو آگے لے جانا ہوگا۔ تقریب میں انہوں نے آر ایل این جی کنکشنز کی افتتاحی تختی کی بھی نقاب کشائی کی۔

وفاقی وزیر توانائی و پٹرولیم ڈویژن علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر حکومت نے قطر اور دیگر ممالک کے تعاون سے توانائی کے مسئلے کو حل کرنے پر توجہ دی تاکہ مستقل حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ 2026 تک مقامی ایندھن کے کنوئیں بھی چالو کیے جائیں گے تاکہ عوام کو سستا اور معیاری ایندھن فراہم کیا جا سکے اور گھروں میں گیس سلنڈرز رکھنے کی ضرورت ختم ہو جائے۔

علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ ایک سال میں ایس این جی پی ایل نے 29 ارب روپے منافع کمایا، لائن لاسز کم ہوکر 4.93 فیصد پر آگئے ہیں، اور آر ایل این جی محفوظ اور ماحول دوست ایندھن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب گیس کنکشنز کی فراہمی آسان ہوگئی ہے۔

Related posts

13 لاکھ بچوں سے جبری مشقت افسوسناک ہے، وزیراعلیٰ سندھ

27اکتوبر یومِ سیاہ — کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی، بھارت کا قبضہ زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکتا: امیر مقام

استنبول میں پاک افغان مذاکرات کا دوسرا دور، طالبان نے پاکستانی تجاویز پر جواب جمع کرایا