اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کے غیر متزلزل اظہارِ یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ کشمیری عوام کی دہائیوں پر محیط قربانیوں، جدوجہد اور جرات و حوصلے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اُس وقت کی یاد دلاتا ہے جب بھارتی افواج نے 1947 میں کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا تھا۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے مقبوضہ کشمیر کے عوام جبر و ناانصافی کے بوجھ تلے پسے ہوئے ہیں، مگر ظلم و ستم کے باوجود کشمیریوں کا عزم، حوصلہ اور آزادی کی جدوجہد آج بھی ناقابلِ تسخیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے یکطرفہ خاتمے کے بعد وادی بھر میں نقل و حرکت، ابلاغ اور اجتماع پر سخت پابندیاں عائد ہیں، جبکہ جعلی انکاؤنٹرز، زیرِ حراست تشدد، ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیاں مسلسل جاری ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو یقینی بنائے اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
آخر میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم اُس دن تک کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے جب تک اُن کا آزادی اور انصاف کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو جاتا۔‘‘