لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں کاروباری عمل کو تیز، شفاف اور کرپشن فری بنانے کے لیے “ای بزنس پروگرام” کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ یہ اقدام پنجاب میں پیپر لیس گورننس کے نئے دور کی شروعات قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ای بزنس پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مریم نواز شریف نے اس موقع پر ای بزنس کے اجرا پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے تمام محکموں کو دو ہفتوں کے اندر این او سی اور منظوریوں کا عمل ایک ہی چھت تلے مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔
انہوں نے کہا کہ تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز اور ادارے مقررہ مدت میں درخواستوں کی پراسیسنگ مکمل کریں اور زیرِ التواء کیسز کا ہفتہ وار جائزہ لے کر فوری فیصلے کریں۔ وزیراعلیٰ نے پی آئی ٹی بی میں ای بزنس کے لیے خصوصی سیل قائم کرنے اور ڈیجیٹل سسٹم سے نابلد کاروباری افراد کے لیے ڈپٹی کمشنر دفاتر میں معاونتی سیل قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ
“سرخ فیتے کا خاتمہ میرا عزم ہے۔ ای بزنس کے ذریعے راتوں رات تبدیلی ممکن ہے۔ کسی کو اس کا حق مل جائے تو اس سے بڑھ کر کوئی خوشی نہیں۔”
انہوں نے کہا کہ کاروبار کے لیے این او سی حاصل کرنے پر سالوں لگ جاتے ہیں جس سے عوام کے حوصلے ٹوٹ جاتے ہیں۔ پاکستان میں بے پناہ مواقع موجود ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ سسٹم کی کمزوریاں دور کرکے کاروباری ماحول کو سہل اور شفاف بنایا جائے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ
“ملک، حکومت اور نظام پر عوام کا اعتماد بحال ہونا چاہیے۔ ریاست ہر شہری کے لیے ماں جیسی ہونی چاہیے، اور ای بزنس پروگرام عوامی اعتماد کی بحالی کا گیم چینجر ثابت ہوگا۔”
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت عوام کا کام آسان بنانے کے لیے ہوتی ہے، روکنے کے لیے نہیں۔ انہوں نے کرپشن اور سفارش کی ثقافت کو ناکامی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ای بزنس میں کسی قسم کی غفلت یا شکایت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ای بز پورٹل پر اب تک 2878 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن میں سے 1130 درخواستوں پر ڈیجیٹل منظوری کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے شہری کاشان نے ای بزنس کے تحت صرف 24 گھنٹوں میں این او سی حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ
“عام شہری یہ سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ سرکاری کام اتنی تیزی سے ہو سکتا ہے۔ لوگوں نے تو کہا کہ شاید میرے پاس وزیراعلیٰ کی سفارش ہے!”
کاشان نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم کو ڈیجیٹل تبدیلی کے شاندار اقدام پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ ہر 15 دن بعد ای بزنس پروگرام کی پیش رفت کا خود جائزہ اجلاس منعقد کریں گی، جبکہ بروقت فیصلے کرنے والے اضلاع اور محکموں کو اضافی کارکردگی نمبر دیے جائیں گے۔