ن لیگ نے آزاد کشمیر میں تحریکِ عدم اعتماد میں پیپلزپارٹی کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں موجودہ حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد میں پیپلزپارٹی کا ساتھ دینے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے ایوانِ صدر کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران اس فیصلے کی تصدیق کی۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پارٹی کی پارلیمانی پارٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ آزاد کشمیر حکومت پر اب اعتماد نہیں رہا، اس لیے ن لیگ تحریک عدم اعتماد میں پیپلزپارٹی کا ساتھ دے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی حکومت کا حصہ نہیں بنے گی بلکہ اپوزیشن میں بیٹھ کر اپنا آئینی اور سیاسی کردار ادا کرے گی۔ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ “موجودہ مدت پوری ہونے کے بعد آزاد کشمیر میں آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کرائے جائیں گے۔”

وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “ہم سمجھتے ہیں کہ آزاد کشمیر کا موجودہ سیٹ اپ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہا ہے۔”

انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان تحریکِ عدم اعتماد پر باقاعدہ اتفاق ہو گیا ہے، تاہم مسلم لیگ (ن) حکومت میں شامل نہیں ہوگی بلکہ اپوزیشن میں بیٹھ کر اصلاحی کردار ادا کرے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی کو آزاد کشمیر اسمبلی میں اکثریت حاصل ہوئی تو وہ نئی حکومت تشکیل دے گی۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت مسائل حل کرنے کے بجائے مسائل پیدا کرنے کا باعث بن گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے فیصلے کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔ دونوں جماعتوں کا مقصد آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام لانا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر نظام قائم کرنا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ “ہم نے مسلم لیگ ن کے فیصلے کا احترام کیا ہے اور ن لیگ نے ہمارے فیصلے کو تسلیم کیا،” جو ایک مثبت سیاسی پیش رفت ہے۔

Related posts

کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تاریخی اقدام — پیپر لیس رجیم کے تحت “ای بزنس پروگرام” کا آغاز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تاریخی فیصلہ: صوبے کی 65 ہزار مساجد کے ائمہ کے لیے وظیفہ مقرر