پشاور: کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے ون آن ون ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی مجموعی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات جمعے کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ہوئی۔ ملاقات میں صوبے میں امن و استحکام سے متعلق اقدامات، دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کی حکمت عملی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار پر بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قیام امن کے ساتھ ساتھ علاقے کی سماجی و معاشی ترقی بھی ترجیح ہونی چاہیے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ
“صوبے میں قیامِ امن کی کوششوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اجتماعی لائحہ عمل وقت کی ضرورت ہے۔”
ذرائع کے مطابق ملاقات کے اگلے روز وزیراعلیٰ نے ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا، تاکہ امن و امان کے حوالے سے مربوط اقدامات اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔