وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت امن و امان پر مسلسل چھٹا اجلاس، غیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف اہم فیصلے

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت امن و امان سے متعلق مسلسل چھٹا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان اور دیگر غیر ملکی شہریوں کے خلاف اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ افغان سمیت کسی بھی غیر ملکی کو پراپرٹی کرایے پر دینے والے کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کو یقینی بنایا جائے۔ مریم نواز نے کہا کہ کسی بھی غیر ملکی کو گھر، دکان، فیکٹری، ہوٹل یا پٹرول پمپ کرایے پر دینے کی روزانہ رپورٹ جمع کرائی جائے۔

اہم فیصلے اور ہدایات
• پٹواری، نمبردار اور ایس ایچ او کو غیر ملکیوں کو دی گئی پراپرٹیز کی رپورٹ کرنے کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔
• تمام اضلاع میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے بارے میں فیلڈ سروے کرانے پر اتفاق۔
• وزٹ ویزہ یا غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوکر ملازمت کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ۔
• پاکستان میں غیر قانونی طور پر کام کرنے والے افغان شہریوں کو بھی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
• بے نامی اور مشکوک پراپرٹیز کے بارے میں رپورٹ طلب۔

پنجاب میں جاری کارروائیاں

بریفنگ میں بتایا گیا کہ خانیوال میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری کو پراپرٹی کرایے پر دینے پر 5 مقدمات درج کیے گئے۔
صوبے بھر کے اضلاع میں 45 ہولڈنگ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں غیر قانونی افغان شہریوں کو قیام و طعام اور طورخم بارڈر تک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ افغان باشندوں کی نشاندہی کے لیے چہرے سے شناخت کی جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔
پنجاب بھر میں غیر قانونی اسلحہ کے خلاف مہم جاری ہے، جبکہ انتہا پسند جماعتوں کے لیے پرچار کرنے والے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ بھی قانون کی زد میں آ چکے ہیں۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ ضروری کارروائی کے بعد پنجاب بھر میں مدارس کو ڈی سیل کرنا شروع کر دیا گیا ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ صوبے میں مقیم افغان باشندوں کا درست اور مکمل ڈیٹا پیش کیا جائے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس میں واضح ہدایت دی کہ

“ذمہ داروں کو ضرور پکڑا جائے، مگر کوئی بے گناہ زد میں نہ آئے۔”

ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئی بھی شخص اگر افغان یا کسی بھی غیر ملکی کو پراپرٹی دے گا تو اس کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Related posts

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرس کی ملاقات

میں صوبے کا چیف ایگزیکٹو ہوں، کور کمانڈر مجھے مبارکباد دینے آئے تھے: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی

اسلام آباد کی عدالت کا 9 مئی سمیت 5 مقدمات میں عمران خان کی گرفتاری سے روکنے کا حکم