لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزیرِ صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر ملک محمد احمد خان نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کی سیاسی بصیرت، رواداری اور اصولوں پر مبنی سیاست کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ
“چوہدری شجاعت حسین ایک زیرک اور مدبر سیاستدان ہیں، جنہوں نے ہمیشہ مفاہمت اور ملک کی تعمیر و ترقی کی سیاست کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف بھی ان کی سیاسی بصیرت کی بہت تعریف کرتے ہیں۔”
ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ ان کے چوہدری شجاعت حسین سے احترام اور دیرینہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے صوبائی وزیرِ صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی عوام دوستی اور انتظامی صلاحیتوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور ان کے غیر جانبدارانہ کردار کو سراہا۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ
“پاکستان کو درپیش مشکل صورتحال سے نکالنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ بھارت نے اگر دوبارہ جارحیت کی تو اسے پہلے سے بڑھ کر جواب ملے گا۔”
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے اجلاس میں اپنے محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ
“پنجاب میں نئی سرمایہ کاری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات بارآور ثابت ہو رہے ہیں، جبکہ بیرونِ ممالک ہنرمند افرادی قوت کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ
“پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور وزیراعظم شہباز شریف و میاں نواز شریف کے مابین احترام کا رشتہ رہا ہے اور انشاءاللہ آئندہ بھی قائم رہے گا۔