پیپلز پارٹی کا وزیراعظم آزاد کشمیر کو دوپہر 2 بجے تک استعفے کا الٹی میٹم

مظفرآباد: آزاد کشمیر کی سیاست میں ہلچل تیز ہو گئی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کو عہدے سے مستعفی ہونے کے لیے آج دوپہر 2 بجے تک کی مہلت دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کو پیغام بھجوایا ہے کہ وہ خود مستعفی ہو جائیں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد فائل کر دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو اس وقت 36 ارکانِ اسمبلی کی حمایت حاصل ہے، جو تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے درکار اکثریت سے زیادہ ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اگر چوہدری انوارالحق نے مقررہ وقت تک استعفیٰ نہ دیا تو دوپہر 2 بجے کے بعد تحریکِ عدم اعتماد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی جائے گی۔

دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے بھی تحریک کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ “اگر کسی کے پاس نمبرز پورے ہیں تو تحریک عدم اعتماد لے آئے، میں سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں۔”

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف مشترکہ طور پر تحریکِ عدم اعتماد لانے پر اتفاق کیا تھا۔

ادھر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی اور وفاقی پارٹی کا اجلاس بھی آج طلب کیا گیا ہے، جس میں وفاقی کمیٹی پیپلز پارٹی کے ساتھ طے پانے والے فارمولے پر آزاد کشمیر کی قیادت کو اعتماد میں لے گی۔

ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان آئندہ سیاسی حکمتِ عملی اور ممکنہ نئی حکومت کی تشکیل پر بھی غور کیا جائے گا۔

Related posts

میں صوبے کا چیف ایگزیکٹو ہوں، کور کمانڈر مجھے مبارکباد دینے آئے تھے: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی

اسلام آباد کی عدالت کا 9 مئی سمیت 5 مقدمات میں عمران خان کی گرفتاری سے روکنے کا حکم

آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی — مسلم لیگ (ن) کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی