پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی کے لائے ہوئے نہیں بلکہ عوام کے منتخب کردہ وزیراعلیٰ ہیں۔
پشاور ہائی کورٹ میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ ”سنا ہے میں بار کونسل کے انتخابات پر اثر انداز ہونے کے لیے آیا ہوں، لیکن میں یہاں صرف رول آف لاء کے لیے آیا ہوں“۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی خواہش
سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے پالیسی گائیڈ لائنز کے لیے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے محکمہ داخلہ کو ہدایت دی ہے کہ اس حوالے سے پنجاب اور وفاقی حکومت کو خطوط لکھے جائیں تاکہ ملاقات کے انتظامات کیے جا سکیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ وہ عدالت میں بھی ملاقات کی اجازت کے لیے درخواست دائر کر چکے ہیں۔
رول آف لاء کے لیے عزم
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد اداروں میں مداخلت نہیں بلکہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی۔