اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے 102ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان، حکومت اور عوام کو پرتپاک مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پاکستانی عوام کی جانب سے صدر رجب طیب ایردوان اور ترک قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں میں صدر ایردوان کی جرأت مندانہ اور متحرک قیادت میں ترکیہ نے شاندار تبدیلی اور معاشی بحالی کے سفر میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جنہیں عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ:
“ہمیں اپنے ترک بھائیوں کی کامیابیوں پر فخر ہے اور ترقی و استحکام کے اس سفر میں ہم ان کے ثابت قدم ساتھی ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیہ عقیدے، تاریخ اور بھائی چارے کے اٹوٹ رشتے میں بندھے ہیں، جو جغرافیہ اور وقت سے بالاتر ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صدر ایردوان کی مدبرانہ قیادت میں دونوں ممالک کے تعلقات اسٹریٹجک شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں پائیدار تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام کے اختتام پر ترکیہ کے عوام کے لیے ترقی، امن اور خوشحالی کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔