عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا کابینہ کو حتمی شکل دے دی گئی، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

راولپنڈی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا کابینہ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 10 سے زائد وزراء پر مشتمل کابینہ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جبکہ باقی ارکان کے نام بھی زیر غور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں سے متعلق شکایات کا ازالہ کیا جا رہا ہے تاکہ حکومت اور تنظیمی ڈھانچے کے درمیان مکمل ہم آہنگی برقرار رکھی جا سکے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے کو اس وقت سب سے بڑا چیلنج افغانستان سے جاری دہشت گردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ “افغانستان کی جانب سے مسلسل دہشت گردی ہو رہی ہے، شہادتیں ہو رہی ہیں، لیکن ہم اپنے عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہے ہیں۔”

واضح رہے کہ اس سے قبل گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو چھوٹی کابینہ تشکیل دینے کا مشورہ دیا تھا۔
گورنر کنڈی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کو عمران خان سے ملاقات تک عارضی یا محدود کابینہ تشکیل دینی چاہیے تاکہ انتظامی امور متاثر نہ ہوں، کیونکہ کابینہ نہ ہونے کے باعث کئی اہم فیصلے اور فائلیں زیر التواء ہیں۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ صوبے میں انتظامی تسلسل برقرار رکھنے اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کابینہ کی تشکیل ناگزیر تھی، اور جلد ہی مکمل کابینہ کا اعلان کر دیا جائے گا۔

Related posts

آزاد کشمیر: وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں ڈیڈلاک، ن لیگ نے قبل از وقت انتخابات کی شرط رکھ دی

وزیراعظم شہباز شریف نے لیپ ٹاپ اسکیم 2025 کا افتتاح کر دیا — ہونہار طلبہ و طالبات قوم کا روشن مستقبل ہیں

کراچی میں ای چالان سسٹم کا بڑا نقص سامنے آگیا — بےقصور شہری کو غلط چالان جاری