پشاور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے کوہستان کے 40 ارب روپے کے میگا کرپشن اسکینڈل میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی۔
کارروائی کے دوران نیب حکام نے ماسٹر مائنڈ قیصر اقبال کے گھر سے مزید 20 کروڑ روپے نقدی برآمد کرلی۔
ذرائع کے مطابق دو الگ الگ کارروائیوں میں 10،10 کروڑ روپے برآمد کیے گئے۔
اس سے قبل نیب ٹیم قیصر اقبال کے گھر سے ایک ارب 60 کروڑ روپے بھی برآمد کر چکی ہے، جو پینٹ کے ڈبوں میں چھپائی گئی رقم تھی۔
یہ رقم ملزم کی گرفتار اہلیہ کی نشاندہی پر ملی۔
ملزم قیصر اقبال کا پس منظر اور الزامات
نیب کے مطابق قیصر اقبال محکمہ کمیونی کیشن اینڈ ورکس (C&W) اپر کوہستان میں اگست 2013 سے بطور کلرک اور بعد ازاں ہیڈ کلرک تعینات رہے۔
اس دوران انہوں نے مبینہ طور پر جعلی دستاویزات تیار کر کے سرکاری خزانے سے خطیر رقم غیر قانونی طور پر نکلوائی۔
ذرائع کے مطابق اربوں روپے کی رقم قیصر اقبال کی اہلیہ اور ایک کنٹریکٹر ممتاز کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی،
جبکہ متعدد بااثر شخصیات کو بھی اس اسکینڈل سے فائدہ پہنچانے کے شواہد ملے ہیں۔
نیب کی مزید کارروائیوں کا امکان
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس کی تحقیقات میں مزید اہم انکشافات کی توقع ہے اور
کرپشن میں ملوث دیگر افسران اور بااثر شخصیات کے خلاف بھی کارروائی کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔