اسلام آباد: پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے بھارتی میڈیا کی اُس جھوٹی خبر کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستانی پاسپورٹ سے ’اسرائیل کے لیے ناقابلِ استعمال‘ کی شق ختم کر دی گئی ہے۔
بھارتی چینلز اور ویب سائٹس نے حال ہی میں رپورٹ کیا تھا کہ پاکستان نے مبینہ طور پر اپنے پاسپورٹ میں تبدیلی کرتے ہوئے اسرائیل کے حوالے سے یہ شق ہٹا دی ہے۔ تاہم وزارتِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ یہ پوری طرح بے بنیاد پروپیگنڈا ہے اور پاکستانی پاسپورٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ پر اب بھی واضح طور پر درج ہے کہ یہ “اسرائیل کے علاوہ تمام ممالک کے لیے قابلِ استعمال ہے۔”
اسی حوالے سے ڈی جی پاسپورٹس نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاسپورٹ کے ڈیزائن، متن یا شقوں میں کسی قسم کی ترمیم نہیں کی گئی۔
علاوہ ازیں وزارتِ اطلاعات نے بھی اپنے باضابطہ بیان میں کہا کہ پاکستان کا اسرائیل سے متعلق مؤقف دو ٹوک اور غیر متزلزل ہے۔ “پاکستان نے نہ کبھی اسرائیل کو تسلیم کیا ہے، نہ ہی کسی سطح پر فوجی یا سفارتی تعاون زیرِ غور ہے۔”
وزارتِ اطلاعات کے مطابق بھارت کا یہ پروپیگنڈا پاکستان کے مؤقف کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر گمراہ کن تاثر پیدا کرنا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی جدوجہدِ آزادی کی اخلاقی، سفارتی اور انسانی بنیادوں پر حمایت جاری رکھے گا