لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں وال چاکنگ کے خاتمے اور شہروں کی خوبصورتی کے لیے تاریخی سطح کا بیوٹیفکیشن منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت سرکاری و نجی عمارتوں کی دیواروں کو وال چاکنگ سے صاف کیا جائے گا، جب کہ تجاوزات کے مقامات کو خوبصورتی میں ڈھالنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے پراجیکٹ کی باضابطہ منظوری دیتے ہوئے تمام اضلاع میں اس پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
پنجاب کے 39 اضلاع میں ساڑھے 16 ارب روپے کی لاگت سے 132 بیوٹیفکیشن سکیمیں مکمل کی جائیں گی، جن میں سے 122 سکیموں پر کام جاری ہے۔
بیوٹیفکیشن سکیموں کی تکمیل کے لیے مختلف شہروں میں درج ذیل اہداف مقرر کیے گئے ہیں:
• لاہور، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، گجرات، فیصل آباد اور راولپنڈی میں منصوبے جون 2026 تک مکمل کیے جائیں گے۔
• ملتان میں سکیموں کی تکمیل کی آخری تاریخ نومبر 2025 جبکہ گوجرانوالہ میں دسمبر 2025 رکھی گئی ہے۔
• ساہیوال میں بیوٹیفکیشن کی 24 سکیمیں مارچ 2026 تک مکمل کر لی جائیں گی۔
منصوبے کے تحت ہر شہر میں سڑکوں اور بازاروں کی اپ گریڈیشن، ٹف ٹائل کی تنصیب، مرکزی بازاروں کی اپ لفٹنگ، اور قدیمی دروازوں و روایتی بازاروں کی ری ماڈلنگ کے ذریعے شہروں کو خوشنما اور جاذبِ نظر بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ “پنجاب کے ہر شہر کو خوبصورتی، صفائی اور جدید شہری سہولتوں کے لحاظ سے مثالی بنایا جائے گا۔”