اسلام آباد: آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف ایک اور دہشتگرد کارروائی کا منصوبہ پاکستانی انٹیلیجنس اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا محمد تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ پاکستان کے سکیورٹی اداروں نے بھارت کی ایک بڑی سازش کو بے نقاب کر دیا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران بھارتی ایجنسیوں کے لیے جاسوسی کرنے والے اعجاز ملاح کی اعترافی ویڈیو بھی جاری کی گئی۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف جھوٹی مہمات کا آغاز کیا۔ بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے پاکستانی مچھیرے اعجاز ملاح کو سمندر سے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کیا اور اسے دباؤ میں لا کر اپنے لیے کام کرنے پر مجبور کیا۔
وزیر اطلاعات کے مطابق، بھارتی ایجنسیوں نے اعجاز ملاح کو آرمی، نیوی اور رینجرز کی وردیاں، موبائل سمز، فون بلز اور پرانے کرنسی نوٹ خریدنے کی ہدایت دی۔ جب وہ یہ سامان حاصل کر رہا تھا تو پاکستانی اداروں نے اس پر نظر رکھی اور بھارت روانگی سے قبل ہی اسے گرفتار کر لیا۔
اعجاز ملاح نے اپنے اعترافی بیان میں بتایا کہ بھارتی ایجنسی کے اہلکار اشوک کمار کے ساتھ اس کا رابطہ تھا، جسے وہ ہدایت کے مطابق تصاویر اور معلومات فراہم کر رہا تھا۔ ملاح نے کہا کہ اسے دھمکی دی گئی تھی کہ اگر وہ بھارتی ایجنسیوں کے لیے کام نہ کرے تو اسے طویل قید میں رکھا جائے گا۔
عطا محمد تارڑ نے کہا کہ اعجاز ملاح کی گرفتاری پاکستان کے اداروں کی بروقت کارروائی اور چوکس سکیورٹی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سرحدوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کے سکیورٹی ادارے ہر وقت تیار ہیں اور دشمن کے کسی بھی منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔