اسلام آباد: سابق وزیرِاعظم اور عوامِ پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی کو دل میں تکلیف محسوس ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ابتدائی طبی معائنے کے بعد ڈاکٹرز نے ان کے دل کے بند شریانوں میں دو اسٹنٹ ڈالے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کا علاج ماہرِ امراضِ قلب ڈاکٹرز کی ٹیم کی زیرِ نگرانی کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی حالت اب مستحکم اور تسلی بخش ہے، تاہم مزید چند دن طبی نگرانی میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اہلِ خانہ کے قریبی ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے شاہد خاقان عباسی کو مکمل آرام کی ہدایت کی ہے اور انہیں غیر ضروری ملاقاتوں سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے سابق وزیرِاعظم کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔