پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے خیبر ٹیچنگ اسپتال (KTH) میں بغیر اطلاع 8 گھنٹے تک صحت کارڈ سروس بند ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دے دیا۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پشاور میں خیبر ٹیچنگ اسپتال کا اچانک دورہ کیا، اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور مریضوں و اُن کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے صحت کارڈ سروس کی اچانک بندش پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “عوام کو علاج معالجے کی سہولت میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، صحت کارڈ کے فنڈز جاری ہو چکے ہیں لہٰذا بلا تعطل علاج یقینی بنایا جائے۔”
سہیل آفریدی نے محکمہ صحت اور اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ آئندہ ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے مؤثر مانیٹرنگ سسٹم قائم کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
وزیراعلیٰ نے مریضوں کے علاج معالجے کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور اسپتال میں صفائی و سہولیات کے نظام کو مؤثر بنانے کی بھی ہدایت دی۔