ہنگو، 2 نومبر 2025: خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں اعلیٰ پولیس افسران کے قافلے پر دہشتگردوں کی جانب سے بم حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ ہنگو کے علاقے دوآبہ میں پیش آیا جہاں ایس پی انوسٹی گیشن عبدالصمد، ڈی ایس پی ٹل مجاہد اور ایس ایچ او عمران الدین کے قافلے کو آئی ای ڈی (IED) ڈیوائس کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
حملے کے بعد پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں میں ایس ایچ او تھانہ دوآبہ عمران الدین، سب انسپکٹر جہاد علی اور اسپیشل برانچ کا اہلکار عابد شامل ہیں۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
حملے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی ہنگو میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر تین پولیس اہلکاروں سمیت شہید ہو گئے تھے۔