اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (PKLI) کی جانب سے جگر کی پیوندکاری کے 1000 کامیاب آپریشنز مکمل کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے ادارے کی کارکردگی کو قابلِ فخر کامیابی قرار دیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ:
“اللہ کے فضل و کرم سے جو پودا 2017 میں لگایا تھا، وہ آج ایک تناور درخت بن چکا ہے جس سے اب تک 40 لاکھ مریض مستفید ہو چکے ہیں۔”
انہوں نے ماضی میں ادارے کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ:
“پی کے ایل آئی کو تباہ کرنے کی مزموم سازشیں کی گئیں، اس کے بورڈ آف گورنرز کو ختم کر کے ادارے کو غیر فعال کر دیا گیا تھا۔”
وزیرِ اعظم نے بتایا کہ 2022 میں حکومت سنبھالنے کے بعد پی کے ایل آئی کی ازسرِ نو بحالی پر کام شروع کیا گیا، تاکہ عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ:
“موجودہ دورِ حکومت میں مریم نواز نے اس ادارے کو دوبارہ اپنی بھرپور استعداد پر لانے کے لیے انتھک محنت کی، جو قابلِ تحسین ہے۔”
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بتایا کہ پی کے ایل آئی میں 80 فیصد مریضوں کا علاج بالکل مفت کیا جاتا ہے، جس سے غریب عوام بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ادارے کے قیام اور اسے دوبارہ فعال کرنے میں کردار ادا کرنے والی پوری ٹیم لائقِ تحسین ہے۔
مزید برآں، وزیرِ اعظم نے پی کے ایل آئی کے صدر ڈاکٹر سعید اختر اور ان کی ٹیم کو دکھی انسانیت کی خدمت پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ:
“زندگیاں بچانے اور انسانیت کی خدمت میں پی کے ایل آئی نے جو کردار ادا کیا ہے، وہ واقعی قابلِ فخر ہے۔”