گوگل پاکستان کو ایکسپورٹ ہب بنانے میں دلچسپی رکھتا ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

کراچی: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ گوگل پاکستان کو ٹیکنالوجی ایکسپورٹ ہب بنانے کا منصوبہ رکھتا ہے، جس سے آئی ٹی اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں مواقع مزید بڑھیں گے۔

کراچی میں فیوچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور پائیدار ترقی کے لیے نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “پیداواری بنیادوں پر معاشی ترقی ہی ملک کے لیے پائیدار مستقبل کا راستہ ہے، اور اس کے لیے ہمیں پاکستان کو برآمدات کا مرکز بنانا ہوگا۔”

انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ٹی اور میری ٹائم سیکٹرز پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ نئی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔

وزیر خزانہ کے مطابق عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی پاکستان کی میعادی معاشی بہتری کا اعتراف کیا ہے، جبکہ کارپوریٹ منافع میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی آمدن بڑھانے کے لیے ٹیکس نیٹ میں 9 لاکھ نئے فائلرز شامل کیے گئے ہیں، اور ڈیجیٹل نظام سے معیشت میں شفافیت بڑھے گی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات ضروری ہیں، اور حکومت عالمی سفارتی کامیابیوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتی رہے گی۔ ان کے مطابق اے آئی پر مبنی ترقی کے لیے نیا ایکو سسٹم تشکیل دیا جائے گا، جبکہ بلیو اکانومی میں بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت نے 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کر لیا ہے اور پی آئی اے کی نجکاری رواں سال مکمل ہو جائے گی۔

Related posts

پنجاب کابینہ کا 30واں اجلاس — عوامی ریلیف، فلاح اور اصلاحات پر اہم فیصلے

کراچی چڑیا گھر کی مادہ ریچھ ’رانو‘ اسلام آباد منتقل

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا لاہور میں نادرا سنٹر اور پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ