لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 6 نومبر 1947 وہ المناک دن ہے جب قابض بھارتی افواج نے لاکھوں نہتے کشمیریوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا۔ یہ دن ان تمام شہیدوں کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہوں نے اپنی آزادی اور حقِ خودارادیت کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ 78 برس سے بھارت کے جبر اور قبضے کے خلاف مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان کی قربانیاں لازوال ہیں اور ان کی بہادری تاریخ کا روشن باب ہے۔
انہوں نے عالمی قوتوں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔ دنیا کو کشمیر کے عوام کو ان کا آئینی اور جمہوری حق دینا ہوگا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ:
• “پاکستان اور پاکستانی عوام پہلے بھی کشمیری بھائیوں کے ساتھ تھے، آج بھی ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔”
• “بھارتی ظلم، ریاستی دہشت گردی اور جبری ہتھکنڈے کشمیریوں کے دلوں میں آزادی کی للکار اور جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتے۔”
• “مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے خون سے آزادی کی شمع روشن کر رہے ہیں اور ان کی یہ جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔”
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی.