لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چین کے نمایاں سرمایہ کاروں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں خصوصاً انفراسٹرکچر، آئی ٹی، رئیل اسٹیٹ اور میڈیکل ٹورازم میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے وفد میں شامل خواتین سرمایہ کاروں کی موجودگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برازیل روانگی سے قبل اس ملاقات کی خصوصی اہمیت ہے، کیونکہ پنجاب اس وقت سرمایہ کاری کے ایک نئے اور بہترین دور سے گزر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ “زیرو ٹائم ٹو اسٹارٹ” پالیسی متعارف کرائی گئی ہے، جس کا مقصد سرمایہ کاروں کو فوری سہولیات، لائسنسنگ اور بُنیادی تعاون مہیا کرنا ہے تاکہ کاروبار تاخیر کے بغیر شروع ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے لیے ٹیکس ہالی ڈے، ڈیوٹی امپورٹ ریلیف اور دیگر مراعات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ:
• پنجاب کے انڈسٹریل زونز اور انڈسٹریل پارکس سرمایہ کاروں کے لیے انتہائی موزوں ہیں۔
• پنجاب میں رئیل اسٹیٹ انفراسٹرکچر سرمایہ کو جلد منافع میں تبدیل کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتا ہے۔
• صوبے میں پہلی مرتبہ 10 ماہ میں ایک لاکھ سے زائد گھروں کی تعمیر کر کے ریکارڈ قائم کیا گیا۔
• پنجاب میں گلاس ٹرین اور ہائی اسپیڈ ٹرین متعارف کرانے کی تیاری جاری ہے۔
• سب سے بڑے میڈیکل ڈسٹرکٹ کے قیام کے لئے وسیع رقبہ مختص کیا گیا ہے۔
• صوبے میں کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر آن لائن کر دی گئی ہیں—“آج اپلائی کریں، کل سے کام شروع کریں”۔
انہوں نے مزید کہا کہ RODA کا ترقیاتی منصوبہ پنجاب میں عالمی معیار کے انفراسٹرکچر کی نئی مثال قائم کرے گا، جبکہ سیاحت میں اضافے کے باعث صوبے میں مزید معیاری ہوٹلوں کی ضرورت بڑھ رہی ہے۔
چینی وفد نے پنجاب حکومت کے اقدامات اور سرمایہ دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ وفد نے وزیراعلیٰ کی مہمان نوازی اور تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا.