وزیراعظم کی مصروفیات کے باعث وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ملتوی، 27ویں آئینی ترمیم پر مشاورت جاری

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اہم اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی مصروفیات کے باعث ملتوی کر دیا گیا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی جانی تھی تاہم یہ ایجنڈا اب آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مجوزہ ترمیم سے متعلق اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لے لیا ہے۔ وزیراعظم نے گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات میں یقین دہانی کروائی کہ بلدیاتی نظام سے متعلق تجاویز کو 27ویں آئینی ترمیم کا حصہ بنایا جائے گا۔ اس یقین دہانی کے بعد متحدہ نے ترمیم کی حمایت کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پیپلز پارٹی نے متعدد نکات مسترد کر دیے
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے ترمیمی پیکج کے اہم نکات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی صوبائی حصے میں تبدیلی کی کسی تجویز کی حمایت نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی فارمولے میں ردوبدل اور 27ویں ترمیم کے دیگر مجوزہ نکات کو مکمل طور پر مسترد کیا جاتا ہے، تاہم آرٹیکل 243 میں تبدیلی سے متعلق تجویز پر پارٹی بات چیت کے لیے تیار ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اتحادی جماعتوں کے ساتھ مزید مشاورت کے بعد ترمیمی مسودے کو دوبارہ کابینہ اجلاس میں پیش کرے گی۔

Related posts

وزیراعظم کی واپسی کے بعد وفاقی کابینہ سے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری متوقع

وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے یومِ فتح کی تقریب میں شرکت کے لیے باکو روانہ

27 ویں آئینی ترمیم پر حکومت اور پیپلز پارٹی میں ڈیڈ لاک برقرار