پاکستان اور ایران مسلم امہ کے اتحاد اور عالمی امن کے لیے پرعزم ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران دو برادر اسلامی ممالک ہیں جو دنیا میں امن، علاقائی استحکام اور مسلم امہ کے اتحاد کے لیے مشترکہ عزم رکھتے ہیں۔ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف کی سربراہی میں آنے والے اعلیٰ سطحی وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کررہے تھے۔

وزیراعظم نے ایرانی اسپیکر اور وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ، تاریخی اور مذہبی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتکاری پر مبنی پالیسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران ریاستی دہشت گردی اور خود مختار ممالک پر بلاجواز حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پزیکشیاں کے لیے خیرسگالی کے پیغامات بھی پہنچائے اور کہا کہ پاکستان باہمی مفاد کے مختلف شعبوں، خصوصاً معیشت، تجارت اور علاقائی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر باقر قالیباف نے ایران۔اسرائیل جنگ کے دوران پاکستان کی جانب سے حمایت پر حکومت اور عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حمایت کو ایرانی عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی ہے۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور پارلیمانی روابط بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کے مثبت پارلیمانی تعاون کو بھی سراہا۔
ڈاکٹر قالیباف نے ایرانی صدر کی جانب سے پاکستان کے عوام اور قیادت کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کے پیغامات بھی پہنچائے۔

ملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

Related posts

وزیراعظم کی واپسی کے بعد وفاقی کابینہ سے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری متوقع

وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے یومِ فتح کی تقریب میں شرکت کے لیے باکو روانہ

27 ویں آئینی ترمیم پر حکومت اور پیپلز پارٹی میں ڈیڈ لاک برقرار