اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی خصوصی دعوت پر آذربائیجان کے یومِ فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے باکو روانہ ہوگئے۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی صدر الہام علیوف کے ساتھ ملاقات ہوگی، جس میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ بات چیت میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم اور علاقائی روابط کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر غور کیا جائے گا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات مشترکہ مذہب، تاریخ، ثقافت اور گہرے باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک اسلامی تعاون تنظیم (OIC)، اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) اور اقوام متحدہ (UN) سمیت اہم بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کرتے ہیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اظہار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔