اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے آذربائیجان سے واپسی پر وفاقی کابینہ کا اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے، جس میں 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی جائے گی۔ کابینہ سے منظوری کے بعد یہ مسودہ پیر یا منگل کو سینیٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف آج آذربائیجان کے صدر الہام علییف کی دعوت پر باکو روانہ ہوں گے جہاں وہ آذربائیجان کے یومِ فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق، آئینی ترمیم پارلیمنٹ میں پیش کرنے سے قبل اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پارلیمنٹ میں ترمیم پیش کرنے کے روز اراکین کے لیے خصوصی ناشتے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان ترمیم کے بعض نکات پر اتفاق ہوچکا ہے جبکہ کچھ نکات پر اختلاف برقرار ہے۔ ذرائع کے مطابق مسودہ تب ہی پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا جب اتحادی جماعتوں میں مکمل اتفاق رائے ہو جائے گا۔
دوسری جانب، کراچی میں پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اہم اجلاس آج بلاول ہاؤس میں دوبارہ منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں:
• آئینی ترامیم
• عدالتی اصلاحات
• ججز ٹرانسفر
• اور ایگزیکٹو مجسٹریٹس کے اختیارات
سے متعلق اہم فیصلوں کی توقع ہے۔
پیپلز پارٹی آئینی ترمیم پر اپنا حتمی مؤقف سی ای سی اجلاس کے بعد سامنے لائے گی۔