اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 27ویں آئینی ترمیم میں وزیراعظم کے لیے استثنیٰ سے متعلق شامل کی گئی شق واپس لینے کی ہدایت کر دی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں وزیراعظم نے بتایا کہ آذربائیجان سے واپسی پر انہیں آگاہ کیا گیا کہ چند پارٹی سینیٹرز نے وزیراعظم کے استثنیٰ سے متعلق ترمیم سینیٹ میں پیش کی تھی، جو کہ کابینہ کی منظور شدہ ڈرافٹ کا حصہ نہیں تھی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ منتخب وزیراعظم قانون اور عوام کے سامنے جوابدہ ہوتا ہے، لہٰذا یہ شق فوری طور پر واپس لی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ میں 27ویں آئینی ترمیم کا مسودہ پیش کیا گیا تھا، جس میں صدرِ پاکستان کے لیے تاحیات استثنیٰ کی تجویز شامل تھی۔ اسی تناظر میں اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ آئین کے آرٹیکل 248 میں لفظ “صدر” کے ساتھ “وزیراعظم” کا اضافہ بھی کیا جائے گا، تاہم وزیراعظم نے اس تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔